بھٹکل:6؍دسمبر (ایس اؤ نیوز) بھٹکل تعلقہ کے 16گرام پنچایتوں کے انتخابات کے لئےتیاریاں جاری ہیں، کل 7دسمبر سے امیدواروں کی طرف سے پرچہ نامزدگی داخل کرنےکی شروعات ہوگی ۔ متعلقہ گرام پنچایتوں میں انتخابی دفتر ، پولنگ افسران کی نامزدگی ،ڈاٹاانٹری آپریٹرس کی تقرری کو لےکر کام جاری ہے۔
تعلقہ کے 16گرام پنچایتوں کے 284وارڈس میں انتخابات ہونگے۔54783مرد اور 55431خاتون سمیت کل 110214 رائے دہندگان اپنے حق کا استعمال کریں گے۔ 284وارڈوں میں 40پسماندہ ذات ، 25پسماندہ طبقات ، 58پسماندہ گروپ اے اور 13پسماندہ گروپ بی کے وارڈس ریزرو کئے گئےہیں۔
سیاسی پارٹیوں کی تیاری :انتخابات کی تواریخ کا اعلان ہوتےہی سیاسی پارٹیاں بھی سرگرمی کے ساتھ اپنی تیاریوں میں جٹ گئی ہیں۔ بی جے اور کانگریس کے درمیان راست مقابلہ ہونے کے امکانات ہیں، رکن اسمبلی سنیل نائک اور سابق رکن اسمبلی منکال وئیدیا گرام پنچایت انتخابات کو چیلنج کے طورپر لینے کے واضح اشارے مل رہے ہیں۔ دو لیڈران اپنی سیاسی بنیادوں کومضبوط کرنے کے لئے متحر ک ہونگے۔ کیونکہ انہیں یہی جیت آئندہ الیکشن کے لئےسہارا ہونےکا ماہرین نے خیال ظاہر کیا ہے۔
گرام پنچایت انتخابات کی اہمیت :گرام پنچایت انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کا کوئی سیاسی نشان نہیں ہوگا،مگر یہی انتخابات دیگر الیکشن کے لئے بنیادی پتھر کا کام کرتے ہیں۔ دیہات کی سطح پر موجود ہر پارٹی کے لیڈر ان اور کارکنان کو اقتدار پانے کے لئے گرام پنچایت میں اپنا قبضہ جمائے رکھنا لازمی ہوتاہے، یہی وجہ بھی ہے کہ اپنے لیڈران کی پشت پر کھڑے رہنا سیاسی پارٹیوں کی مجبوری ہے۔ کیونکہ اگلے 5-6مہینے میں تعلقہ پنچایت اور ضلع پنچایت کے انتخابات کا اعلان ہونا ممکنا ت میں سے ہے، گرام پنچایت انتخابات کے نتائج آئندہ ہونے والے انتخابات پر اثر انداز ہونگے۔ ریاست کرناٹک کے ودھان سبھا انتخابات 2023میں ہونےہیں، جس کے لئے 2022کے وسط سے ہی تیاریاں شروع ہوجاتی ہیں جس کے لئے دیہاتوں پر پکڑ بنائے رکھنا بھی سیاسی پارٹیوں کی مجبوری ہے ، انہی وجوہات کی بنا پر سیاسی پارٹیوں کے لئے گرام پنچایت انتخابات کافی اہمیت رکھتےہیں۔